شکارپور(صباح نیوز)سندھ اسمبلی کے سپیکر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغاسراج درانی کو شکارپور میں سیلاب متاثرین نے گھیر لیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرین نعرے لگاتے ہوئے آغا سراج درانی کو واپس جانے کا کہتے رہے۔
سیلاب متاثرین نے آغا سراج درانی سے سوال کیا کہ آپ نے ہمیں ٹینٹس بھی نہیں دیئے، ہماری خواتین نے کھلے آسمان تلے رات گزاری ہے۔
آغا سراج درانی نے متاثرین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ نہیں بول رہے بلکہ کوئی اور بول رہا ہے۔ سیلاب متاثرین کے نعروں کے بعد آغا سراج درانی اپنی گاڑی میں سوار ہو کر واپس چلے گئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ شکارپور کے بڈے کے علاقے میں گزشتہ روز سیلاب زدگان کی داد رسی کے لئے گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے گیا تھا لیکن سیاسی مخالفین نے نعرے لگانا شروع کر دیئے۔