ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے کمی،فی کلو212 روپے مقرر


اسلام آباد(صباح نیوز)اوگرا نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ایک کلو گیس کی قیمت گھٹ کر 212 روپے ہوگئی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے ستمبر 2022 کیلئے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے کی کمی کردی ہے جسکے نتیجے میں گھریلو سلینڈر کی قیمت 75روپے گھٹ کر 2496روپے اور کمرشل سلینڈر کی قیمت 287روپے گھٹ کر 9604روپے ہوگئی۔نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

اوگرا کے ترجمان کے مطابق ستمبر کے لیے اوگرا نے فی ٹن ایل پی جی کی پیداواری قیمت ایک لاکھ 41ہزار 143روپے مقرر کی ہے جس میں ایف ای ڈی بھی شامل ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کے مجاز ڈسٹری بیوٹرز سے کہا ہے کہ وہ اوگرا کی مقررہ قیمت پر خرید و فروخت کریں تاکہ غریب صارفین کو کسی رکاوٹ کے بغیر مقررہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی غریب طبقے کا ایندھن ہے لیکن بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب یہ عام آدمی کی دسترس دور ہو گیا ہے،غریب صارفین کو سستی ایل پی جی فراہم کرنے کیلئے قیمت میں مزید کمی واقع کی جائے اورایل پی جی انڈسٹری کی بہتری کیلئے ایل پی جی پالیسی مرتب کی جائے۔