کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ بارش وسیلاب بلاشبہ ایک قدرتی آفت ہے مگرحکمرانوں کی ناہلی وکرپشن اورانتظامی غفلت کی وجہ سے آج سندھ کے لوگ اپنے گھروں اورمال ومتاع سے محروم ہوکردہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔امیرجماعت اسلامی سراج الحق سمیت ان کی پوری ٹیم بارش وسیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ امدادی کیمپوں پربارش وسیلاب متاثرین کے لیے ضروریات زندگی کے سامان سمیت کروڑوں روپے نقد امداد دینا عوام کا جماعت اسلامی اوراس کے فلاحی ادارے الخدمت پربھرپور اعتماد کااظہار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے تحت قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر برادرتنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں برادرتنظیمات کے صوبائی ذمے داران نے شرکت کی جس میں ابتک کی ریلیف سرگرمیوں اورآئندہ کی آنے والی مشکلات کے پیش نظر منصوبہ بندی کی گئی۔صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد مسلم اورمولاناآفتاب احمد ملک بھی اس موقع پرساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیرنے زوردیاکہ برادار تنظیمات جماعت اسلامی کا ہراول دستہ بن کربارش وسیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے اپنا بھرپور کرادار کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ عوام کو حکمرانوں کے فضائی وکشتیوںکے دورے کی نہیں بلکہ امداد کی ضرورت ہے۔اس وقت پورے صوبہ میں لوگ مشکل صورتحال سے دوچار ہیں ۔حکومت ان کی مشکلات کم خاص طور پر مہنگائی کو کنٹرول اوروبائی امراض پھیلنے کے پیش نظرفوری اورسنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔