ضمنی انتخاب این اے 157ملتان: ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا انتخابی مہم میں ہوائی فائرنگ کا نوٹس، ملوث شخص گرفتار


لاہور(صباح نیوز)ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسراین اے 157 ملتان عابد حسین نے گزشتہ رات علی موسی گیلانی کی انتخابی مہم میں ہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر ملتان کو احکامات جاری کئے تھے۔ چنانچہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی ہدایات پر پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کو فوری طورپر گرفتار کر لیا ہے، اور ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے امیدوار علی موسی گیلانی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم ستمبر کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہے اور سیاسی جماعتوں یا امیدوران کیلئے لازم ہے کہ اپنے کارکنان کو آگاہ کریں کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملد رآمد کو یقینی بنائیں۔ مزید برآں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 157ملتان نے ریجنل مینیجر یوٹیلیٹی سٹور، مظفر گڑھ ریجن، نوید رسول اور اکانٹ آفیسر یوٹیلیٹی سٹور، مظفر گڑھ ریجن، محمد مختار کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے  ستمبر کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

دونوں افسران کیخلاف اختیارات کے نا جائز استعمال کی شکایات موصول ہوئیں۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پی پی 139شیخوپورہ غلام عباس نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین پر 50ہزار جرمانہ عائد کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے حلقے کا دورہ کیا اور امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت بھی کی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے تین روز کے اندر جرمانہ ادا کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے۔