معزز عدلیہ کی جانب سے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ معطل کرنا خوش آئند فیصلہ ہے ، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ کی جانب سے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز معطل کرنا خوش آئند فیصلہ ہے۔ اس اقدام سے عوام کو واقعی ریلیف میسر آئے گا ۔بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کئی دنوں سے مسلسل احتجاج کررہی تھی، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہماری جدوجہد کامیاب ہوئی۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ درحقیقت بھتہ ہے جو زبردستی عوام کی جیبوں سے نکلوایا جاتا ہے جب تک پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا اس وقت تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ایک طرف پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور تباہ کاریاں جاری ہیں، عوام بد حال اور انتہائی کسمپرسی کا شکار ہیں، لوگوں کے جان و مال سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا ہے مگر دوسری جانب حکمران صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں، حکمران اگر سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا نہیں کرسکتے تو ان کو مزید تکلیف دینے کابھی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملکی معیشت اور انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات ڈالے ہیں۔ بحالی میں بہت وقت لگے گا ،تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک سے ملنے والی امداد کو سیلاب متاثرین تک پہنچا نے کے لئے چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام بنانا ہوگا۔ ماضی میں نا گہانی آفات میں ملنے والی امداد میں خرد برد کی خبریں آتی رہی ہیں۔تحقیقات کے باوجود ذمہ داران کے خلاف کبھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مستقبل میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہنے کے لیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ کالا باغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے آبی ذخائر پر کام کرنا ہوگا۔ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت صرف 30دن کی ہے