کراچی (صباح نیوز)کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کو بجلی کی قیمت کم کرنے کی تجویز پیش کر دی۔
آج نیپرامیں کے الیکٹرک کی جولائی کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے کمی تجویز کی گئی۔کے الیکٹرک حکام نے موقف اختیار کیا کہ جولائی میں فیول پرائسز میں کمی آئی تھی، بارش کے باعث بجلی کی طلب گری تھی۔
نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے کہاکہ ہمارے پاس تو اور اطلاعات ہیں، جولائی میں تو کراچی میں بہت لوڈشیڈنگ ہوئی، اس حوالے سے ہم کے الیکٹرک کے صارفین سے پوچھتے ہیں۔