فارم ایوو الخدمت فاؤنڈیشن کومیڈیکل کیمپس کے لئے 5 ملین روپے کی ادویات عطیہ کرے گی


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن اور نامور دواساز کمپنی فارم ایووکے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق فارم ایوو،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقادکے لئے 50 لاکھ روپے مالیت کی ادویات عطیہ کرے گی۔

معاہدہ ورچوئل کانفرنس کے ذریعے طے پایا۔چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف، مینجنگ ڈائریکٹر سفیان احمدخان، مینجنگ ڈائریکٹر فارم ایووہارون قاسم اورڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسرجمشیداحمدموقع پر موجود تھے۔

الخدمت کی جانب سے جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف جبکہ فارم ایوو کی جانب سے مینجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ہارون قاسم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب زدگان کے لئے جاری خدمات کو سراہا۔ اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فارم ایوو مستقبل میں بھی مزید تعاون جاری رکھے گی۔