جب تک سیلاب کے اثرات ختم نہیں ہوجاتے حکومت متاثرین کو مفت بجلی اور مالی امداد دے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں حکومت بجلی کی مفت فراہمی ، اشیاء خوردونوش فری اور جب تک سیلاب کے اثرات ختم نہیں ہوجاتے متاثرہ لوگوں کی فی گھرانہ مالی امداد کو یقینی بنائے اور ہر قسم کے ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔حکومت کی جانب سے محض ایک ماہ کے لیے25ہزار روپے کے اعلان سے کچھ نہیں ہوگا۔ لوگوں کے جان و مال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، حکومتی امداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ پورے ملک میں سیلاب کی صورتحال گھمبیر شکل اختیار کرچکی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع ناروال اور پاکپتن کے دورہ کے موقع پر مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا ہے۔ ملک کا بیشتر حصہ سیلاب کی زد میں ہے۔ گندم اور دیگر اجناس کے ذخائر تباہ ہوچکے ہیں۔ ملک غذائی قلت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ فوری طور پر درآمدات کی اجازت دی جائے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے 151شہروں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہ مچائی ہے۔ 55لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ 20لاکھ مویشی ہلاک اور 4کروڑ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔ انفرا سٹرکچر کو کھربوں کا نقصان پہنچا ہے۔ حالات کسی کے بھی کنٹرول میں نہیں۔ سیلاب زدگان کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل دید ہے۔ لوگ مشکلات کا شکار اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی امداد جس اندز میں کررہے ہیں وہ امر قابل رشک ہے۔