ڈیزاسٹربہت بڑا،وفاقی اورصوبائی حکومتیں ذمہ داری پوری نہیں کررہیں۔ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز )امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ بلوچستان،جنوبی پنجاب،سندھ اور خیبرپختونخواسمیت پوراپاکستان سیلاب سے شدیدمتاثرہے ہماری باپردہ خواتین اس وقت شدید آزمائش میں کھلے آسمان کے نیچے امداد کی منتظرہیں پاکستانی قوم کی جانب سے ایثاروقربانی بہت زیادہ ہے لیکن ڈیزاسٹراس قدربڑا ہے کہ اس کے مقابلے میں وسائل بہت کم ہیں، بدقسمتی سے وفاقی اورصوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہیں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی اورالخدمت فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیرصوبہ کوالخدمت ضلع راولپنڈی کی جانب سے امیرضلع سیدعارف شیرازی اورضلعی صدرالخدمت چوہدری منیراحمدنے متاثرین سیلاب کیلئے 1کروڑروپے کا چیک پیش کیا ،صوبائی صدر الخد مت رضوان احمد،صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی صدرسیاسی کمیٹی رضااحمدشاہ ،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش سمیت دیگرذمہ داران ،ڈونرز اورکاروباری شخصیات بھی اس موقع پر شریک ہوئیں ۔

جماعت اسلامی کے نامزدامیدوارپی پی6 مری محمدسفیان عباسی نے اپنے بزنس گروپ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 25لاکھ روپے کاعطیہ پیش کیا اس موقع پردیگراہل خیرنے بھی عطیات دئیے۔ڈاکٹرطارق سلیم نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے حوالے سے اعتمادپرڈونرزکاشکریہ اداکیا۔

صوبائی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پنجاب انعام الحق اعوان کے مطابق شمالی پنجاب کاوفد امدادی سامان لے کر سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب روانہ ہوگیا۔ امدادی سامان کے علاوہ نقدعطیات بھی امداد کا حصہ ہیں۔

،صوبائی امیرڈاکٹرطارق سلیم کی زیرقیادت وفد میں تاجروں اور ڈونرزسمیت کمیونٹی کے نمایاں افراد شامل ہیں ،وفد کے ارکان دوروزہ دورے کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کادورہ کرکے متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔