سیلابی پانی سے اربوں روپے کے انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی)محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے مناظر ناقابل بیان ہیں۔ مخیر حضرات اور قوم اپنے پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن امداد کے لیے آگے بڑھیں۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1061سے تجاوز کرچکی ہے۔ دریائے سندھ میں بڑے ریلے کی وارننگ سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی سے اربوں روپے کے انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اطلاع آرہی ہیں کہ وڈیروں ، جاگیر داروں نے اپنی فصلیں بچانے کے لیے پانی کا رخ غریبوں کی بستیوں کی طرف موڑ دیا ہے۔ حکومت اپنی رٹ کو قائم رکھتے ہوئے حالات کو کنٹرول کرے اور مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائے ۔

انہوں نے کہا کہ حالات دن بدن خراب سے خراب تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ تباہ کن سیلاب نے المناک داستانیں رقم کی ہیں۔ حالات اتنے سنگین ہوچکے ہیں کہ عوام کے دکھوں کا مداوا بھی ممکن نہیں۔ شہروں کے شہر ڈوب چکے ہیں۔ سب کو مل کر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہر قسم کی تفریق سے بالا تر ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور سب کو ایک قوم بن کر کام کرنا ہوگا۔