صوبہ پنجاب ضمنی انتخابات: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی فوری کارروائی،نوٹسز جاری و جرمانے عائد


لاہور(صباح نیوز)قومی اسمبلی حلقہ این اے 157ملتان اور این اے 108فیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے فوری طور پر کارروائی کی۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق  ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 157ملتان نے صوبائی وزیر پرائمر ی اینڈ سیکنڈری ہیلتھ محمد اختر ملک کو شاہ محمود قریشی کے ساتھ امیدوار مہر بانو قریشی کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے پر نوٹس جاری کیا اور 31اگست کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔قومی اسمبلی حلقہ این اے 108فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار عابد شیر علی پر جرمانہ عائد کیا۔

عابد شیر علی حلقہ کی مساجد میں وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں اووربلنگ سرچارج ختم ہونے کے اعلانات کر وا رہے تھے جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے امیدوار عابد شیر علی کو تین روز کے اند ر25ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے احکاما ت جاری کر دیئے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 118ننکانہ صاحب نے تقرری و تبادلے کا اعلامیہ منسوخ کرنے کیلئے ایلیٹ پولیس فورس پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پی پی 139 شیخوپورہ نے بھی ڈائریکٹر جنرل TEVTA کو تقرری و تبادلوں کا اعلامیہ منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی حلقہ این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب میں ریٹرننگ افسران نے انتخابی امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ تمام امیدواران کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ این اے 118ننکانہ صاحب کے ضمنی انتخاب میں آٹھ امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شذرہ منصب علی، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان اور تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے سید افضال حسین رضوی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی حلقہ این اے 108فیصل آباد میں 12امیدواران ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے عابد شیر علی، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان جبکہ تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد صدیق انتخاب میں حصہ لیں گے۔ مذکورہ قومی اسمبلی حلقوں میں 25ستمبر کو پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔