سیلاب کے باعث پیاز ،ٹماٹراور سبزیوں کی فصلیں تباہ، قیمتوں میں اضافہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سیلاب سے تباہی کے اثرات سبزی منڈیوں تک پہنچنے لگے ۔ بلوچستان اور سندھ میں پیاز اور ٹماٹر کی فصل تباہ ہونے سے قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہو گیا ۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب کے باعث تباہی کے اثرات سبزی منڈی میں پہنچنے لگے۔ لاہور کی سب سے بڑی سبزی منڈی میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت ہو گئی۔

منڈی میں پیاز175 روپے فی کلو کے بجائے 200سے 250 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔ٹماٹر بھی طلب سے چالیس فیصد کم منڈی میں پہنچ سکا ۔ تھوک نرخوں پر پانچ کلو ٹماٹر بارہ سو روپیہ میں فروخت ہو رہا ۔

اسلام آباد میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئیں۔ سستا بازار میں پانچ کلو پیاز 1150 روپے میں فروخت ہونے لگا۔اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں میں پیاز کی فی دھڑی قیمت 1600روپے تک پہنچ گئی۔

ادرک 360سے 400روپے کلو میں فروخت ہو رہے ۔سستا بازار میں ٹماٹر 170روپے جبکہ مختلف مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمت 250سے 300روپے کلو تک پہنچ گئی ۔لہسن 288روپے کلو اور آلو 315 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا ۔پشاور میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فی کلو پیاز کی قیمت 160پر پہنچ گئی۔تاجروں نے حکومت سے اپیل کی کہ افغانستان اور ایران سے پیاز امپورٹ کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکسز کو ختم کیا جائے تاکہ بحران سے نمٹا جا سکے۔