کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سند ھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ملک میں مہنگائی کی شرح 45فیصدتک بڑھنے پرشیدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی غفلت اورمنافعہ خوروں کی بے حسی نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔مہنگائی کو کنٹرول اورمنافعہ خوروں کو قانون کی پکڑمیں لانے کی بجائے حکمرانوں کا ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لیے پٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو مزیدبڑھانے کا عندیہ ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام کے زخموں پرنمک پاشی اورغریب دشمنی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ کہا ہے کہ روزبروز چینی، گندم اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ کے رکھدی ہے،ایک طرف قدرتی آفات بارش،سیلاب کی وجہ سے تین کروڑ سے زائد لوگ مصیبت کا شکار ہیں تو دوسری جانب اتحادی حکومت کی جانب سے آئے روز مختلف اشیائے خورونوش پر عائد کردہ ٹیکسوں کی وجہ سے ہوشربا مہنگائی نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ غریب آدمی کی خوراک آٹا، گھی، چینی، دالیں اور موسمی سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے دو وقت کا کھانا بھی مشکل بنادیا ہے، ہنگامی بنیادوں پر ذخیرہ اندزوں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ وزیرخزانہ انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ عوام کو یہ نوید سنارہے ہیں کہ ٹیکس ہدف پورا نہ ہونے کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور سیلز ٹیکس میں مزید اضافہ کیا جائے گا جو مہنگائی،سیلاب کے مارے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کے کوڑے برسانے والے حکمران عوام کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھیننا چاہتے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئی ہیں۔ غریب عوام تو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی تھی، اب مہنگائی میں مزید اضافہ غریب عوام کے ساتھ سفید پوش افراد سے بھی زندگی چھینے لگی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن دعوؤں کی بنیاد پی ٹی آئی کی حکومت کی تبدیلی وجود میں آئی تھی، وہ تمام دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث غریب عوام تو دور کی بات اب سفید پوش افراد کیلئے بھی زندگی کا پہیہ چلنا مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ملک میں حکومت کی تبدیلی اس لئے وجود میں لائی گئی کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جاسکے، مگر یہاں سب الٹا ہوگیا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید پریشانیوں، تکالیف میں دھکیلا جا رہا ہے۔ 150 سے فی لیٹر پیٹرول چند ہی ماہ میں 250 تک پہنچ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئی ہیں۔ غریب عوام تو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی تھی لیکن اس میں حالیہ اتحادی حکومت کی جانب سے مزید تیزی کے ساتھ اضافہ کرکے عوام کو زندہ درگور کردیا گیا ہے۔