اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب، قومیت، تہذیب یا نسلی گروہ سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ہمیں تنازعات کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینی چاہیے، خاص طور پرفلسطین اور جموں و کشمیر جیسے دیرینہ حل نہ ہونے والے تنازعات جو بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بنتے رہتے ہیں، اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار ہیں،
کمبوڈیا کے شہر نوم پینہ میں منعقدہ “13ویں ایشیا، یورپ سمٹ سے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ورچیول خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا،حکومت پاکستان کی جانب سے اور اپنی طرف سے، میں 13ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی پر کمبوڈیا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ہم کے تمام ممبران کے تعاون کے جذبے کو بھی سراہتے ہیں جس نے اس منفرد دو علاقائی فورم کو اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کے لیے ایک مفید پلیٹ فارم بنا دیا ہے تاکہ ان چیلنجز کا موثر جواب دینے کے لیے ہم اپنے نقطہ نظر کو ہم آہنگ بنا سکیں ۔
سربراہی اجلاس کا تھیم “مشترکہ ترقی کے لیے کثیرالجہتیت کو مضبوط بنانا” ہمارے لیے ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے بین البراعظمی عزائم کی حقیقی معنوں میں تجسیم کرتا ہے۔درحقیقت، صرف باہمی تعاون پر مبنی کثیرالجہتیت کے ذریعے ہی ہم آج کے پیچیدہ اور باہم جڑے ہوئے خطرات اور چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں۔یہ بات زیادہ واضح ہے کہ ہمیں عالمی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے کثیرالاطراف کی طرف لوٹنے اور اس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جبر اور یکطرفہ پالیسیاں تو آشکار ہوتی رہی ہیں۔
لیکن پائیدار امن، صرف اجتماعی اور مربوط تعاون سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔کووڈ 19 اور اس کے کثیرالجہتی طبی، سماجی و اقتصادی مضمرات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس طرح کے گھمبیر مشترکہ مسائل سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا،ہمیں وبائی امراض، موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، دہشت گردی، تنازعات کے حل ، خانہ جنگی، بین الاقوامی منظم جرائم، تجارتی راستوں کی حفاظت، سائبر کرائمز، اور بدسلوکی سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ مل کر کام کرنے اور کثیرالجہتیت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا سے جنم لینے والے مسائل کی روک تھام اور حل ہمارا مشترکہ مقصد ہے،قریشی نے کہاکہ ہمیں تنازعات کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینی چاہیے، خاص طور پر دیرینہ حل نہ ہونے والے تنازعات جو بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بنتے رہتے ہیں، اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار ہیں۔فلسطین اور جموں و کشمیر اس کی روشن مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی، عالمی مسائل ہیں۔ اس حوالے سے بین الاقوامی برادری کو وسیع تر تعاون کے ساتھ ساتھ بنیادی وجوہات کی تفہیم پر مبنی جامع، مربوط اور موثر ردعمل کی ضرورت ہے۔
دہشت گردی کو کسی مذہب، قومیت، تہذیب یا نسلی گروہ سے نہیں جوڑا جا سکتا۔پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں سب سے آگے رہا ہے۔ہم نے 80,000 سے زیادہ جانیں قربان کی ہیں اور ہماری معیشت کو 150 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے لیکن پھر بھی، ہم پرعزم ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ میں اس موقع سے آپ کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں۔پاکستان کے لیے،
ایک قریبی پڑوسی کے طور پر، گذشتہ 40 سالوں سے تنازعات اور عدم استحکام کے شکار افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گزشتہ برسوں میں افغانستان میں امن اور مفاہمت کی حمایت کے لیے ہماری تمام کوششیں اسی جانب مبذول رہی ہیں۔تمام افغانوں کی سلامتی اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔آج افغانستان تاریخ کے ایک اہم تاریخی موڑ سے گزر رہا ہے۔ ہمیں چیلنجوں اور مواقع کو واضح طور پر پہچاننا چاہیے۔آخر کار، 40 سالہ جنگ کو ختم کرنے اور تمام افغانوں کو مصالحت اور تعمیر نو کے قابل بنانے کا ایک موقع فراہم کیا جانا چاہیے،ہمارا پیغام واضح ہے: ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرایا جانا چاہیے۔ افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔عالمی برادری کو افغانستان کو پنپتے ہوئے انسانی بحران سے بچانے اور امن، سلامتی، ترقی اور رابطے کے ہمارے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ آسم کے تین ستونوں میں “کنیکٹیوٹی” بھی شامل ہے جو ہمارے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے جس کی بنیاد امن و سلامتی، ترقیاتی شراکت داری اور کنیکٹیوٹی پر ہے۔
علاقائی رابطہ پاکستان کی جیو اکنامکس کے محور کے طور پر بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔بی آر آئی کے منصوبے کے تحت، چین پاکستان اقتصادی راہداری گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے جنوبی ایشیا کو چین، وسطی ایشیا، مشرق وسطی کے ساتھ ساتھ یورپ اور افریقہ سے جوڑتی ہے جو ہمارے وسیع خطے میں رابطے کو بڑھا دے گی۔یہ منصوبہ نہ صرف دور دراز کے علاقوں سے شہروں تک تیز رفتار راہداری فراہم کرے گا، بلکہ سفر کے وقت اور اخراجات کو بھی کم کرے گا، اور پورے خطے کے لیے مزید ملازمتیں پیدا کرنے اور خوشحالی کی سطح کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا،
انہوں نے کہاکہ آسم پلیٹ فارم کے تحت، باہمی احترام، مساوی شراکت داری اور باہمی فائدے کے اصولوں کے مطابق، ہمیں اپنے ممالک کے شہریوں کے درمیان سماجی، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کو زیادہ فعال انداز میں فروغ دینا چاہیے۔اس سے مختلف ثقافتی، قومی اور سماجی تناظر کی تفہیم میں اضافہ ہوگا اور مشترکہ چیلنجوں سے بہتر طریقے سے نمٹنے کیلئے ہمارے مشترکہ وژن کو فروغ ملے گا۔میں یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ دنیا بھر میں خواتین کو درپیش چیلنجز کا تعلق نہ صرف مساوات کے بنیادی مسائل سے ہے بلکہ یہ ہماری کمیونٹیز کی ترقی میں بھی رکاوٹ بن چکے ہیں۔اگرچہ اس حوالے سے عالمی سطح پر، قومی اور کثیر جہتی سطحوں پر قابل ستائش کام کیا گیا ہے،
لیکن ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صنفی مساوات اور خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنی اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہیے اور اس طرح خواتین اور لڑکیوں کو قومی ترقی میں موثر طریقے سے اپنا حصہ ڈالنے کے قابل بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون سے عالمی امن اور استحکام میں مدد ملے گی۔ اس سے ہمارے خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کو محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔13ویں ایشیا-یورپ میٹنگ سمٹ 25 سے 26 نومبر 2021 تک کمبوڈیا کے شہر نوم پینہ میں منعقد ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ورچوئل شرکت کر رہے ہیں۔سربراہی اجلاس کے پہلے دن، شرکا نے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے ایشیا اور یورپ کے درمیان روابط بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں آسیم فورم کی منفرد اور غیر رسمی نوعیت کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنےکیلئے ممکنہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،اپنے بیانات میں رہنماوں نے موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔