پاکستانی قوم آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ سرخرو رہی ، پرویزالٰہی


لاہور(صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ سرخرو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے جھنگ کے ارکان اسمبلی کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔

چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، غلام بی بی بھروانہ، رانا شہباز احمد اور اعظم چیلہ شامل تھے۔

ملاقات میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب زدگان کی بحالی کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں آبیانہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے 5 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا ہے البتہ مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کا سہارا بنیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وطن عزیز کی مٹی ہم سب سے دکھی انسانیت کی خدمت کا تقاضا کرتی ہے، میں نے دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے جو پورا کرکے دم لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ سرخرو رہی ہے، انشااللہ نئے جذبے اور عزم سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا چیلنج ضرورپورا کریں گے۔

دوسری جانب اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پیش پیش ہیں۔