پریٹوریا(صباح نیوز)پاکستان اور جنوبی افریقہ نے پاکستان ساتھ افریقہ مشترکہ کمشن کے قیام پر دستخط کردئیے۔ جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر مظہر جاوید اورجنوبی افریقہ کی وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات اور تعاون ڈاکٹر جی این ایم پانڈور نے معاہدے پر اپنے اپنے ملک کی جانب سے دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے لئے ادارہ جاتی طریقہ کار فراہم ہوگیا ہے۔ معاہدے پر دستخطوں سے تشکیل پانے والے موثر طریقہ کار کے ذریعے دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں تعاون کو وسیع کرنے، اس کی نگرانی اور جائزہ لے سکیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات اور تعاون ڈاکٹر جی این ایم پانڈور نے نے معاہدے پر دستخطوں کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات میں ایک سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے دوطرفہ خاص طور پر قابل تجدید توانائی، زراعت، صحت اور اعلی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان کے ہائی کمشنر مظہر جاوید نے اعتماد کا اظہار کیا کہ معاہدہ دوطرفہ تعاون بالخصوص معاشی تعلقات میں تیزی لانے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوبی افریقہ کی وزیر جلد دورہ پاکستان کریں گی۔
جس پر جنوبی افریقہ کی وزیر نے مثبت انداز میں جواب دیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے حکومت پاکستان کی انگیج افریقہ (افریقہ کے ساتھ روابط) پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی محل وقوع اور مختلف جغرافیائی خطوں میں پھیلی ہوئی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے سے متعلق اپنے ملک کے وژن کو بیان کیا۔معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر نے جنوبی افریقہ کی وزیر کے ساتھ ملاقات بھی کی اور ان سے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ مشترکہ کمشن ہر دوسرے سال ترتیب وار جنوبی افریقہ اور پاکستان میں اجلاس منعقد کرے گا اور معاہدے کی رو سے پروگرامز اور تعاون کے لئے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ مستقبل میں امورکار سے متعلق پروگرام وضع کرے گا۔