وقت اورصاف وشفاف بلدیاتی انتخابات جمہوریت کا تقاضہ اور عوام کی ضرورت ہے ۔محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی میں غیرمعینہ مدت کے لیے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے والے الیکشن کمیشن کے فیصلے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے خلاف سازش اورعوام کے حقوق پرڈاکہ قراردیا دیا ہے۔بروقت اورصاف وشفاف بلدیاتی انتخابات جمہوریت کا تقاضہ اور عوام کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔ڈھائی سال سے سندھ حکومت کا کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے راہ فراراختیار کرنا بددیانتی اورعوام کے ساتھ سراسرناانصافی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ صحیح قیادت اوربااختیاربلدیاتی نمائندوں کے نہ ہونے کی وجہ سے اس وقت کراچی تاکشمور پوراصوبہ سندھ تباہی کا منظرپیش کررہا ہے۔عوام لاوارث بنے ہوئے ہیں ۔سندھ کے حکمراں بتائیں کہ فوٹو سیشن اورہیلی کاپٹرپردوروں کے علاوہ سندھ کے بارش متاثرہ عوام کے لیے انہوں نے کیا اقدامات کئے ہیں؟حکومتی بے حسی اوربیوروکریسی کی بیرحمانہ کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکررکھ دیا ہے۔پیپلزپارٹی گذشتہ 14سالوں سے سندھ میں تسلسل کے ساتھ اقتدارمیں ہے جس نے سندھ کے وسائل کی لوٹ مار اورعوام کو محرومیوں کے سواکچھ نہیں دیا ہے۔

بلدیاتی فنڈعوام اورشہروں پرخرچ کرنے کی بجائے منتخب نمائندوں اوربیوروکریسی کے جیبوں میں جانے کی وجہ سے آج سندھ کایہ حال ہوگیا ہے۔سندھ حکومت کے ایماں پرکراچی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے والے بتائیں کہ جب کراچی کے ضمنی انتخابات ہوسکتے ہیں توپھر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیوں ناممکن ہوسکاتا ہے؟ اس صورتحال سے پتہ چلتا ہے تمام ادارے مزید لوٹ مارکے سلسلے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ صوبائی امیرنے مطالبہ کیاکہ کراچی سمیت پورے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جلدازجلدکروائے جائیں۔