اسلام آباد میں 28نومبر کو جے آئی یوتھ کا دھرنا حقوق نوجوانانِ پاکستان تحریک کا آغاز ہو گا۔ قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ بے روزگاری کے طوفان نے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو مایوس اور بددل کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں یوتھ کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ ملک بھر کے طلبہ و طالبات سٹوڈنٹس یونین کی بحالی کے مطالبات کر رہے ہیں جب کہ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے نوکریوں کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو سہانے خواب دکھائے اور جھوٹ بولا۔ جماعت اسلامی ملک بھر کے نوجوانوں کو منظم کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں 28نومبر کو جے آئی یوتھ کا دھرنا حقوق نوجوانانِ پاکستان تحریک کا آغاز ہو گا۔ ملک بھر سے ہزاروں پڑھے لکھے بے روزگارنوجوان دھرنے میں شرکت کر رہے ہیں۔ شرکا مارچ وزیراعظم سے ایک کروڑ نوکریاں طلب کریں گے اور انھیں ان کا وعدہ یاد دلایا جائے گا۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ جے آئی یوتھ کا لانگ مارچ اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دے گا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے اور آئندہ لائحہ عمل دیں گے۔نوجوانوں کے دھرنے سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل اور دیگر قیادت بھی خطاب کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن اور بے روزگاری پی ٹی آئی حکومت کے ٹریڈ مارکس ہیں۔ حکمران عوام کو ریلیف پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے لانگ مارچ کے لیے ملک بھر میں نوجوانوں سے رابطے شروع ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف شہروں میں تقریبات اور ملاقاتوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بے روزگاری مارچ پرامن اور باوقار ہو گا۔ حکمران اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش نہ کریں۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد میں آنے والے دنوں میں مزید تیزی لائے گی۔