جماعت اسلامی کا 81واں یوم تاسیس جمعہ کو اندرون و بیرون ملک منایا جائے گا، قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جمعہ26اگست کو جماعت اسلامی کا 81واں یوم تاسیس اندرون و بیرون ملک اس عزم کے اعادہ کے ساتھ منایا جائے گا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا اور قرآن و سنت کے پیغام سے پوری انسانیت کو روشناس کرانا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت، صوبائی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی، جب کہ مرکزی پروگرام منصورہ میں ہو گا جس سے امیرجماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ دیگر مقررین میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، کالم نگار سجاد میر، حفیظ اللہ نیازی اور مذہبی رہنما ابتسام الٰہی ظہیر شامل ہیں۔ ملک بھر میں ہونے والی تقریبات سے جماعت اسلامی کے دیگر قائدین خطاب کریں گے جن میں نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، میاں محمد اسلم، اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم شامل ہیں۔

قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی نے رواں صدی کو بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی سے منسوب کیا ہے۔ یہ صدی دنیا میں غلبہ اسلام کی صدی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب دنیا کے کونے کونے میں اسلام کا پرچم سربلند ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 26اگست 1941ء کو لاہور میں معرضِ وجود میں آئی۔ اس کے بانی اراکین کی تعداد 75تھی۔ سید مودودی جماعت اسلامی کے بانی امیر تھے، میاں طفیل محمد دوسرے،قاضی حسین احمد تیسرے، سید منور حسن چوتھے امیر تھے۔ سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔ جماعت اسلامی گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ملک میں احیائے دین اور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے پرامن جدوجہد کر رہی ہے جو مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔