سکھر(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے،سندھ میں بارش اور سیلاب سے 300 اموات ہو چکی ہیں اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ سندھ میں اس وقت کم ازکم 10 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے کیونکہ 15 لاکھ گھر مکمل تباہ ہو چکے ہیں،سندھ میں ایمرجنسی صورتحال 2010سے کہیں زیادہ ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے وعدہ کیا ہے کہ سندھ کے لوگوں کو مشکل وقت میں نہیں چھوڑیں گے، سندھ کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اپنی حیثیت کے مطابق متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 3 بار آنا چاہا لیکن خراب موسم کے باعث نہ آسکے، مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں 2010 کی طرح اب بھی مدد کریں۔ اس وقت کم سے کم 10 لاکھ ٹینٹس کی ضرورت ہے، 2 ملین ایکڑ سے زائد زمینوں پر فصلیں متاثر ہوئیں، 90 فیصد کاشت کاروں کی فصلیں متاثر ہوئیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بارش سے 23 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، بارشوں اور سیلاب سے 300 اموات ہوئیں جبکہ ایک ہزار افراد زخمی ہوئے، 15 لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سکھر سے 6 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، پورا سندھ دریا کا منظر پیش کررہا ہے۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ اگست میں600 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں، ایک کروڑ سے زائد لوگ گھروں سے باہر ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پڈعیدن میں اس سال 1550ملی میٹر بارش ہوئی، ایسی سیلابی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی، رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔ انکا کہنا تھا کہ آج بروز جمعرات وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سندھ کا امکان ہے اگر موسم ٹھیک ہوا تو ہی وزیر اعظم کا دورہ ہو گا۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ متاثرین سیلاب قانون کو ہاتھ میں نہ لیں ہم خیمے فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ میں ایمرجنسی صورتحال 2010 سے کہیں زیادہ ہے۔ سندھ حکومت نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے دوروں کے بعد صوبے کے 22 اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاڑکانہ، ٹنڈو الہیار، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سکھر، خیرپور، جامشورو، شہید بینظیر آباد مکمل طور آفت زدہ قرار دے دیئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سجاول، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، میرپور خاص ، عمر کوٹ، نوشہرو فیروز ، کشمور، قمبر شہداد کوٹ بھی مکمل آفت زدہ قرار دے دیئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ کراچی ڈویژن کے ملیر ضلع کے دو یوسیز دیہہ کنڈ جھنگ اور یوسی گڈاپ بھی آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔