این اے 108 فیصل آباد اوراین اے 118 ننکانہ صاحب میں ضمنی انتخابات، پوسٹل بیلٹ پیپر کے لئے درخواستیں وصول کرنے کے لئے 10ستمبر کی تاریخ مقرر


لاہور(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں این اے 108 فیصل آباد اوراین اے 118 ننکانہ صاحب پر 25ستمبر 2022کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے ایسے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ جن کے ووٹ اس حلقہ میں رجسٹرڈ ہوں اور وہ اپنے حلقہ سے باہر ملازمت کی وجہ سے مقیم ہوں، کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے لئے مجوزہ درخواست فارم جمع کرانے کے لئے 10ستمبر 2022کی تاریخ مقرر کی ہے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق  یہ سہولت افراد باہم معذوری جن کے پاس نادرا کی جانب سے جاری مخصوص لوگو والا شناختی کارڈ ہو اور جیل میں قیدیوں کے لئے بھی ہے۔ جو اس حلقہ میں بطور ووٹر رجسٹرڈہوں۔دریں اثنا ایسے ملازمین بشمول سیکورٹی اہلکار جو پولنگ کے ڈیوٹی پر مامور ہوں اور ان کا ووٹ اس حلقہ کی انتخابی فہرست میں درج ہو، کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے تقرری کے پروانہ جاری ہونے کے تین دنوں کے اندر اندر پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول کے لئے مجوزہ فارم پر اپنے ریٹرننگ افسر کے پاس درخواستیں جمع کرائیں۔

ترجما ن کے مطابق درخواستیں مجوزہ درخواست فارم متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں جمع کئے جاسکتے ہیں۔ یہ درخواستیں محکمہ کے سربراہ کے ذریعے ریٹرننگ آفیسر کو بھجوائے جائینگے۔ جن حضرات کو پوسٹل بیلٹ پیپر جاری کئے جائینگے۔ وہ پولنگ اسٹیشن کے اندر براہ راست ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔