سندھ حکومت کے ریلیف آپریشن کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے سمیت اہم فیصلے


کراچی (صباح نیوز)سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں ریلیف آپریشن اور بحالی کے لئے اہم فیصلے کرلئے گئے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں ریلیف آپریشن اور بحالی کے متعلق ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کو نئی پالیسی گائیڈ لائن جاری کردی ۔جاری کئے جانے والے احکامات کے مطابق محکمہ بلدیات کے تمام اخراجات پر پابندی عائد کردی گئی، فنڈز صرف سیلاب زدہ اضلاع میں ریلیف آپریشن اور بحالی کے لیے مختص کردیئے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کو صرف تنخواہوں، تیل اور یوٹیلیٹی بلز کے علاہ تمام اخراجات روکنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر نئی پالیسی گائیڈ لائن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے سندھ میں ریلیف آپریشن کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے سلمان شاہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاک فوج پی ڈی ایم اے اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی مدد کرے گی۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے فوج کی خدمات کے لئے این ڈی ایم اے سے درخواست کرتے ہوئے مراسلہ جاری کیا تھا۔