پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات غیرمتزلزل ہیں،لیاقت بلوچ


مدینہ منورہ(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات غیرمتزلزل  ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے مدینہ منورہ، مسجد نبوی اور روضہ رسول پر حاضری، سلام اور حرم پاک میں عمرہ کی سعادت حاصل کی. مدینہ منورہ میں پاکستان فورم اور بزنس، ڈاکٹرز، انجینئرز،ورکنگ کلاس کی نمایاں شخصیات سے ملاقاتیں اور ظہرانہ و عشائیہ کی نشستوں میں تبادلہ خیال ہوا. کووڈ 19 کے بعد معمول کی پابندیوں کا خاتمہ اور حج کے بعد بہت بڑی تعداد میں فرزندان توحید اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم دیوانہ وار اپنی پیاس بجھارہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے نشستوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات غیرمتزلزل مستحکم ہیں ،حرمین شریفین کی خدمات کی وجہ سے عالم اسلام خصوصاً پاکستانیوں کی سعودی عوام اور حکومتوں سے والہانہ اور محبت کے تعلقات ہیں،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیوں کا ہر طرح سے خیال رکھا اور پیچیدہ اور خطرناک معاشی بحرانوں میں سعودی حکومتوں نے ہمیشہ برادرانہ اور شفیق کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی حکومت، صنعت کار اور تاجر برادری کردار ادا کرسکتے ہیں،گزشتہ عرصہ میں مسجد نبوی اور مدینہ منورہ میں ہونے والے ناخوشگوار واقعہ پر پاکستان کو احساس ہے کہ ایسا عمل اور رویہ خود پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے جگ ہنسائی کا باعث بنتا ہے ،واقعہ ملوث افراد کا اب کوئی پرسان حال نہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت اور لگن بے مثال ہے،ہر اوورسیز پاکستانی اپنے وطن عزیز کی ترقی اور استحکام کے لیے بڑی دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور کے پاپولر حکمرانوں سے بیرون ملک پاکستانیوں نے ٹوٹ کر محبت کی اور بڑی امیدیں اور ارمان وابستہ کئے لیکن یہ تاریخی حقیقت ہے کہ ہر دور کی پاپولر لیڈرشپ اور حکومتوں نے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کو مایوسی، ناکامی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،بیرون ملک پاکستانی پاکستان کے اندر متعصب، بدتہذیب اور تقسیم در تقسیم سیاست کا شکار نہ ہوں بلکہ یک جان اور یک آواز ہوکر پاکستان کی سیاست کو راہ راست پر رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے اندر اور بیرون ملک پاکستانیوں کی سب سے بڑی خیر خواہ اور بااعتماد جماعت ہے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کردار ادا کرے گی۔