کراچی ( صباح نیوز ) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے روزنامہ عوامی آواز کے سینئر رپورٹ الیاس سموں کے اغوا اور جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سینئر صحافی اور کیٹی بندر پریس کلب کے صدر الیاس سموں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود نے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ضلع ٹھٹہ کے علاقے کیٹی بندر پولیس نے مقامی بااثر وڈیرے کے ایما پر سینئر صحافی، کیٹی بندر پریس کلب کے صدر اور روزنامہ عوامی آواز کے رپورٹر الیاس سموں کو اغوا کرنے بعد ازاں بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ قائم کر کے گرفتاری ظاہر کرنا صحافیوں کے ساتھ ظلم و بربریت اور وڈیرہ شاہی کی عکاسی کرتا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
صدائے حق بلند کرنے پر بااثر وڈیروں اور جاگیرداروں کا صحافیوں کی زبان بندی کے لیے ریاستی جبر کا استعمال جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے اور اس واقعہ کی پشت پناہی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
سی پی این ای کے رہنماؤں نے گرفتار صحافی پر تشدد کو کھلم کھلا غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت سے واقعہ کا فی الفور نوٹس لینے اور صحافی الیاس سموں پر قائم کئے گئے بے بنیاد مقدمات ختم کر کے فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔