مہنگائی نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا ہے، ڈاکٹر طارق سلیم


گجرات(صباح نیوز)جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ن لیگ ق لیگ پی ٹی آئی پیپلزپارٹی ایم کیو ایم سمیت سب اقتدار میں ہیں جبکہ ملک دلدل میں دھنس رہا ہے بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں ہر ہفتے اضافہ ہوتا ہے مہنگائی نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا ہے وہ گزشتہ روز گجرات پریس کلب میں صدر پریس کلب ملک شفقت و دیگر سینئر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے گجرات کو ڈویژن کا اعلان درست ہے مگر گجرات کے شہری ادھڑی سڑکوں بارش کے ایک ہفتے بعد بھی پانی اور ابلتے گٹروں اور گندگی کے عذاب سے نہیں نکل سکے.۔ وزیر اعلی کے دورے کے دوران صرف انہیں سڑکوں کی صفائی کی گئی جہاں سے وزیر اعلی نے گزرنا تھا شہر کے منتخب نمائندے چوہدری مونس الہی اپنی رہائش شہر سے باہر لے گئے ہیں جبکہ منتخب ایم پی اے مسائل کے حوالے سے بے بسی کی تصویر بنے نظر آتے ہیں

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا گجرات میں غنڈہ گردی لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ سینئر معالج اور مسیحا ڈاکٹر عباس کو دن دہاڑے گاڑی سے اتار کر ٹانگیں بازو اور جسم کی ہڈیاں توڑ دی گئی یہ ایک ڈاکٹر کے ساتھ بربریت نہیں پوری ڈاکٹرز کمیونٹی کے لئے الارمنگ ہے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی اور سراج الحق اس ملک میں خدمت خلق امانت دیانت کا استعارہ بن چکے ہیں۔  جماعت اسلامی قومی انتخابات میں ہر حلقہ میں اپنے نمائندے کھڑے کرے گی۔

قبل ازیں  صدر پریس کلب ملک شفقت اعوان سابق صدر سید عرفان جعفری داد شفیع عرفان حفیظ کھوکھر ارشد علی رانا نزیر سید عابد علی نوازش علی نوازش نے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم راجہ نعیم خاور چودھری محسن وڑائچ کا پرتپاک استقبال کیا ڈاکٹر طارق سلیم نے پریس کلب عہدیداران کے ہمراہ کیک کاٹا اور گجرات پریس کلب کی شاندار روایات اور خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ گجرات پریس کلب نے ہمیشہ مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا جرآت مندانہ کردار ادا کیا ہے۔