امیرجماعت اسلامی کل جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا 3 روزہ دورہ کریں گے


لاہور(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کل جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 22 اگست بروز سوموار سے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تین روزہ دورہ کریں گے ۔

سراج الحق دورے کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈویشن کے زیر اہتمام جاری ریلیف کے کام کا جائزہ لیں گے۔اس سے پہلے بھی امیر جماعت اسلامی تین روزہ دورہ بلوچستان کر چکے ہیں جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کے نقصان اور مسائل سے مکمل آگاہی حاصل کر کے کارکنان کو ہدایات جاری کی تھی۔

قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کو آزمائش کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، اس وقت ملک بھر میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے ہزاروں رضا کار دن رات خدمت کرنے میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم قیادت فوری طور پر ذاتی جھگڑوں اور مفادات کی سیاست چھوڑ کر ریلیف کے کام کی طرف توجہ دیں ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس میں وہ ملتان ،ڈی جی خان،مظفر گڑھ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔