فیصل آباد میں رکشہ ڈرائیور کو زندہ جلانے کا واقعہ قابل مذمت، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے فیصل آباد میں انسانیت سوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوکاندار کی جانب سے رکشہ ڈرائیور کو بیٹے کے سامنے زندہ جلانے کے واقعہ نے انسانیت کا سر شرم سے جھکادیا ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ لاہور سمیت پورے صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں کی نااہلی کے باعث معاشرے میں آئے روز انسانیت سوز قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ جب تک شر پسند عناصر اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو بلا تفریق محاسبہ نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت تک امن و امان قائم نہیں ہوسکتا۔ پورا صوبہ بھی غیر محفوظ ہوچکا ہے۔ عوام کا پولیس، تھانوں اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے اعتماد ختم ہوکر رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک ماہ کے دوران چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں کی تعداد6ہزار سے زائد رجسٹرڈہوئی ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس ناکام اور عوامی زندگیاں جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں۔ حکمران عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی بجائے اقتدار کی خاطر نورا کشتی میں مصروف ہیں۔ تھانہ کلچر کی بہتری کے لیے اصلاحات کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا کسی بھی حکومت کے بنیادی اور اولین فریضہ ہوتا ہے۔ مگر بد قسمتی سے ہمارے ملک پاکستان میں تمام قوانین کے اطلاق صرف غریب لوگوں پر ہوتا ہے۔ قانون اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اشرافیہ کے سامنے موم کی نوک سے زیادہ کچھ نہیں۔