عوام سیلاب میں ڈوبے ہوئے ،حکومت و اپوزیشن اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں، دردانہ صدیقی


لاہور(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ عوام سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں اورحکومت و اپوزیشن اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیں، جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے، وطن عزیز کے حکمران ہوس اقتدار میں آنکھیں بند کرکے بیرونی آقاوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی کرتے رہے ہیں،جس کے نتیجے میں قرضوں کے بوجھ میں جکڑی معیشت، مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کے بلوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جو وطن اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا وہاں کھلم کھلا اللہ سے بغاوت کے اعمال کئے جارہے ہیں، جماعت اسلامی کی تحریک اور جدوجہد کا مقصد اسلام کے نظام کاقیام اور اللہ کی رضا کا حصول ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ لاہور میں حلقہ خواتین کے مرکزی سہ ماہی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے علاوہ شعبہ جات کی نگران بھی شریک ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک بالخصوص بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کو اقتدار کی لڑائی سے فرصت نہیں، عوام کو بے یارو مددگار چھوڑا ہوا ہے۔ سوچنے کی بات ہے کہ اتنی نعمتوں سے مالا مال ملک کی مفلوک الحالی کاسبب کیا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اللہ سے رجوع کریں اسکے دیئے ہوئے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں حالات کو بدلنے کا یہی ایک راستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قمری سال کے آغاز اور شہادت امام حسین  کے اندر جو پیغام ہے اس کی پہلی کڑی اسلامی ریاست اور نظام کاقیام ہے، پاکستان اسی اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے حاصل کیا گیا، جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے، ہمارے سیاسی معاشی معاشرتی مسائل کا حل اسی نظام میں پوشیدہ ہے، کیونکہ یہ نظام عدل کا نظام ہے۔

دردانہ صدیقی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز نے اخلاقی،معاشرتی و سماجی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔دجالی قوتیں انسانیت کی تباہی کے درپے ہیں۔ ایسے میں نوجوان نسل کی تربیت اور راہنمائی ازحد ضروری ہے جس کے لیے آپ کو گھریلو اور معاشرتی ہر سطح اور میدان میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔