بلدیاتی انتخابات میں شکست سے خوفزدہ جماعتیں الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہیں،حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست سے خوف زدہ جماعتیں الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہیں ،الیکشن کمیشن نے 28اگست کو بلدیاتی انتخابات کا حتمی اعلان کرکے فرار کے تمام راستے بند کردیے ،حکومتی جماعتیں ضمنی انتخابات میں تو حصہ لے رہی ہیں لیکن بلدیاتی انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہیں بلدیاتی انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب کوئی بہانہ نہیں رہتا کہ الیکشن ملتوی کیے جائیں ،حکومت اور حکمران جماعتوں کو کراچی کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کی جعلی مردم شماری کو نوٹیفائی کیا اور کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کر کے کراچی کے عوام کی پیٹھ پر خنجر گھونپا ،جماعت اسلامی 21اگست کو حسن اسکوائر پر تاریخی ”حقوق کراچی مارچ ”کرے گی ، مارچ میں بچے ،بوڑھے مردوخواتین اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوںگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں شہر کراچی کی سنگین صو رتحال،21اگست کو ہونے والے ”حق دو کراچی مارچ” کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،راجہ عارف سلطان،انجینئر سلیم اظہر،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے ہفتے کو ضلع غربی کا بھی دورہ کیا،دورے کے دوران اورنگی ٹاؤن نمبر 2،ڈسکو موڑ،گلشن بہار،رحمت چوک،چشتی نگر،فٹبال چورنگی ،صابری چوک،مومن آباد بازار،اورنگی 5نمبر چورنگی ،قذافی چوک،جمشید پمپ منگھو پیرروڈ،قصبہ کالونی پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہوں نے اپنے استقبال کے لیے جمع ہونے والے شرکاء سے خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن کوجگہ جگہ پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پھولوںکی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

اس موقع پر امیر ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری،ضلعی ذمہ داران اور بلدیاتی انتخابات میں یوسی چیئرمین ، وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز کے امیدواران بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ شہر کی سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہیں ،پیپلزپارٹی کے سیاسی اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کررہے ،انہیں اب اخلاقاً اپنی ذمہ داری سے استعفیٰ دیدینا چاہیے ،الیکشن کمیشن بتائے کہ بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی ایڈ منسٹریٹر کیوں موجود ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ بیلٹ پیپرز دوبارہ نئے رنگوں چھاپے جائیں ،سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف کیا جائے ،تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینا ت کی جائیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی سڑکیں ازسر نو بنائی جائیں ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو باعزت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے ،کراچی کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے ،جعلی ڈومسائل کا سلسلہ فوری بند کر کے کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں ،کوٹہ سسٹم کو فوری ختم کیا جائے ،کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے ، کے فور منصوبہ مکمل کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آخری مردم شماری ن لیگ کے دور میںہوئی تھی جس پرشدید اعتراضات آئے تھے لیکن اسے درست نہیں کیا گیا۔ جماعت اسلامی کا موقف بہت واضح ہے کہ 2017والی مردم شماری نوٹیفائی نہیں ہونی چاہیے تھی اور مردم شماری ازسر نو ہونی چاہیے تھی 2023کے انتخابات اس مردم شماری کے تحت نہیں ہوسکتے ۔کسی بھی جماعت کو کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں کراچی کی پوری آبادی کو کوئی گننے پر تیار نہیں اور بہانے بنائے جاتے ہیں ،تمام جماعتوں کا گٹھ جوڑ بناہوا ہے ،اہل کراچی کا جائز اور قانونی حق کوئی نہیں دیتا ،جماعت اسلامی اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہے ،نئی مردم شماری ہونی چاہیے اور اس بنیا د پر ہونی چاہیے کہ جو جہاں رہتا ہے وہ وہیں گنا جائے اب کراچی کے عوام مزیددھوکا نہیں دیاجاسکتا ،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے ہر فورم پر کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑا ۔کے الیکٹرک کی لوٹ مار،اووربلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف آواز اٹھائی،نادرا کے مسائل حل کروائے اور مختلف حوالوں سے لوگوں کے شناختی کارڈ نہیں بن رہے تھے اور نادرا دفاتر جانے والوں کے ساتھ نارواسلوک روارکھا جاتا تھا ۔انٹر کے داخلوں میں ڈومسائل اور پی آرسی کی شرط لگاکرڈی سی آفسز میں کرپشن کا بازار گرم کیا گیا جماعت اسلامی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور حکومت کو یہ اقدام واپس لینا پڑا۔جماعت اسلامی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور نادرا کی ایس اوپیز تبدیل کروائی ،ہم نے ماضی میں بھی شہر کی خدمت کی تھی اور آئندہ بھی کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور کراچی کے عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے ۔