پاک فوج مشکل وقت میں سیلاب متاثرہ افراد کیساتھ کھڑی ہے، آرمی چیف


راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج مشکل وقت میں سیلاب متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈر بلوچستان کو ٹیلیفون کیا۔ اس دوران آرمی چیف نے بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال کے متعلق معلومات حاصل کیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے بلوچستان میں خصوصی طور پر بھاری جانی و مالی نقصان ہوا اور مواصلاتی ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔

آرمی چیف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ریلیف، ریسکیو اور بحالی آپریشن میں فوج سول حکومت کی بھرپور مدد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے اورہنگامی بنیادوں پر سول انتظامیہ کی مدد کی جائے۔آرمی چیف نے ہدایات جاری کیں کہ پاک فوج متاثرہ افراد کی مدد اور مواصلاتی اسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔ پاک فوج اس مشکل وقت میں سیلاب متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد ایک قومی فریضہ ہے۔