جشن یوم آزادی پر جس فحاشی کا مظاہرہ کیا گیا اس نے ہر غیرت مند پاکستانی کا دل زخمی کیا،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ جشن یوم آزادی پر جس فحاشی کا مظاہرہ کیا گیا اس نے ہر غیرت مند پاکستانی کا دل زخمی کیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہو جانے والے فوجی افسران و جوانوں کی شہادت پر ان کے خلاف پوسٹیں چلانے والے مہم جو اس موقع پر اس انداز میں میدان میں نہ آ سکے جس کا حالات تقاضا کر رہے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ملک میں سیاسی کھلاڑیوں نے اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ عوام اس تماشے کو دیکھتے ہیں اور اپنے لیڈروں کی بدزبانی و بداخلاقی پر خوشی سے نعرے لگاتے ہیں۔ ہر جانب اخلاق باختہ، کرپٹ اور غیر ذمہ دار لوگوں کا بے ہنگم ہجوم ہے۔ ان لوگوں کی انہی حرکتوں کی وجہ سے آج ملک ناقابل بیان مشکلات میں دھکیل دیا گیا ہے۔

حکمران کل کے ہوں یا آج کے اللہ کے در پہ سر جھکانے کی بجائے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے ناک رگڑتے ہیں، اس طرح بھلا مشکلات کیسے حل ہو سکتی ہیں؟ عوام جب تک شعور حاصل نہیں کریں گے، اس دلدل سے نکلنے کا کوئی راستہ نہ مل سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ تمام پریشانیوں اور مشکلات کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔