ہنگامہ آرائی کیس،عطا تارڑ،رانامشہود سمیت مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری


لاہور (صباح نیوز)جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری نے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے،پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں  لاہور پولیس نے مسلم لیگ( ن) کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری کو  درخواست دی۔درخواست میں لاہور پولیس نے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے، لیکن ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہورہے۔

درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزمان سے تحقیقات کرنے کے لئے ان کو گرفتار کرنا ضروری ہے، عدالت  عطا تارڑ ، رانا مشہود، اویس لغاری ، سیف الملوک کھوکھر، ملک غلام حبیب اعوان، اویس لغاری، مرزا جاوید، پیر خضر حیات، راجہ صغیر، عبدالرف، پیر اشرف، بلال فاروق اور رانا منان  کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے قلعہ گجرسنگھ پولیس کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عطا تارڑاور رانامشہود سمیت مسلم لیگ ن کے 12 رہنماوں کے  وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

ادھر پنجاب پولیس نے رانا مشہود کی گرفتاری کے لیے دوبارہ لاہور میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر نہیں ملے۔ جوہر ٹاؤن میں سیف الملوک کھوکھر کی رہائش گاہ کھوکھر پیلس پر بھی چھاپہ مارا گیا، لیکن وہ گرفتار نہ ہو سکے۔ پولیس نے رائیونڈ میں مرزا جاوید کے دفتر پر بھی چھاپہ، لیکن وہ بھی پولیس کے ہاتھ نہ آئے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد 25 مئی کو لانگ مارچ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کیخلاف پنجاب حکومت نے کریک ڈان کیا تھا جس میں پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔