اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل)کی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی سی ایل ڈیٹا نیٹ ورکس میں مسائل کی اطلاعات ہیں جیسے فوری حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔شمال اور جنوب کے ڈیٹا نیٹ ورک میں خرابی پیدا ہوئی ہے، اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے ٹرانسمیشن ٹیٹ ورک میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اکثر شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی، آپٹیکل فائبر کا ٹرانسمیشن نیٹ ورک ایک شہر کو دوسرے شہر سے جوڑتا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نجی اداروں، گھروں اور دفاتر میں پی ٹی سی ایل نیٹ سروسز متاثر ہوئی ہے۔
ملک کے کئی علاقوں میں گزشتہ چند روز سے صارفین کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق ملک میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اپٹک فائبر میں خرابی پیدا ہوئی ہے، خرابی کی وجہ سے صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے۔اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، پشاور سمیت متعدد ریجنز میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی شکایت سامنے آرہی ہیں۔
پی ٹی سی ایل آپٹیکل فائبر میں تکنیکی مسائل کے باعث یوفون فور جی کی شمالی اور وسطی پنجاب میں انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہے۔
پی ٹی سی ایل ترجمان کا کہنا ہے کہ انکی ٹیمیں صارفین کی سہولت کے لیے انٹرنیٹ سروس کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں