عمران خان توشہ خان اور فارن فنڈنگ میں ریکارڈ دے دیں ورنہ ہمیں لینا آتا ہے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان 4 سال کسی کے سہارے پر ملک پرمسلط رہے، عمران خان توشہ خان اور فارن فنڈنگ میں ریکارڈ دے دیں ورنہ ہمیں لینا آتا ہے،جو ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوتا اس کو گرفتار کرنا چاہیے، عمران خان 4 سال کسی کے سہارے پر ملک پرمسلط رہے، میڈیا، ملک اور عوام آزاد ہوچکے،آپ کے اندر جانے کا وقت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔  وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ میڈیا کے ذمہ دار لوگ آج عمران خان کی تقریرسن رہے تھے، یہ شخص کہتا ہے آزاد میڈیا سے کوئی خوف نہیں مگر جب میڈیا کی آزادی کا قتل کیا جارہا تھا عمران خان وزیراعظم تھے۔ عمران خان میں جھوٹ بولنے کا بہت حوصلہ ہے، ان جھوٹوں کا جواب دے دے کر تھک گئی ہوں۔ ان کا مقصد صرف جھوٹ بولنا،فساد اور فتنہ پھیلانا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جب نوازشریف اور ان کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا تو عمران خان وزیراعظم تھے، ان کے کرائے کے ترجمان میڈیا پر مہم چلاتے تھے، ان کے دور میں کالے قانون لائے گئے، سنسنرشپ عائد کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خان اور فارن فنڈنگ میں ان کا کوئی بندہ پیش نہیں ہورہا ہے، بہتری اسی میں ہے ریکارڈ دے دیں ورنہ ریکارڈ لینا آتا ہے، اگر خان صاحب پیش نہیں ہوئے تو سن لیں، وزیرداخلہ راناثنا اللہ ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بہت بڑا اکاونٹ پکڑا گیا ہے ، کل (جمعہ) پریس کانفرنس میں بتاوں گی، جو ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوتا اس کو گرفتار کرناچاہیے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا، ملک اور عوام آزاد ہوچکے،آپ کے اندر جانے کا وقت ہے، نوازشریف اورشہبازشریف خودقانون کے سامنے پیش ہوتے تھے، کیوں آپ کو ایف آئی اے میں پیش نہیں ہونا چاہیے۔