شہباز شریف ملک کو درست سمت میں آگے لے کر جارہے ہیں،چوہدری شجاعت


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمیں سیاست کا نہیں معیشت کا سوچنا چاہیے، مہنگائی اور غربت ختم ہوگی تو ملک ترقی کرے گا، شہباز شریف ملک کو درست سمت میں لے کر آگے لے کر چل رہے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد اراکین سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اس وقت ملک میں معیشت کی بحالی سب کا پہلا ایجنڈا ہونا چاہیے، غربت اور مہنگائی کے خاتمے سے ہی عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف معیشت کو درست سمت میں لے کر آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں پکڑ دھکڑ کی بجائے معیشت کی بحالی میں دلچسپی ہے، معیشت بحال ہو گی تو ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا، میں پارٹی کو ہدایت کروں گا کہ وہ ہر اس اجلاس میں شرکت کریں جن میں ملک کے مسائل کے حل کی طرف اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات سوچے جاتے ہوں،۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے سینئر راہنما چوہدری شافع حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشکل حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کی ہمیشہ قدر کریں گے، مشکل وقت میں ہی مخلص لوگوں کا پتہ چلتا ہے، چوہدری شجاعت حسین کو اللہ تعالی نے بے پناہ عزت سے نوازا ہوا ہے،انہوں نے ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی نصیحت کی، لاہور میں انکے بارے میں جو بے ہودہ باتیں کی گئیں انکی کوئی حیثیت نہیں

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہمیں وزارتوں اور حکومتوں کی کوئی پرواہ نہیں، زبان، وعدے اور دعائے خیر ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، 13 جماعتوں سے ہم نے وعدہ کیا تھا اور اللہ کی توفیق سے اس کو نبھایا، میں سمجھتا ہوں وزیر اعظم ملکی معیشت کی بحالی اور غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم ییں، ڈالر، مہنگائی میں مزید کمی آپ کو نظر آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر ائرپورٹ جو چینی حکومت کی گرانٹ سے ڈیڑھ سال قبل مکمل ہونا تھا اب اگلے سال جولائی میں جاکر آپریشنل ہو گا، اسکی تکمیل میں روڑے اٹکائے گئے، ان کو نوٹس بھیجے گئے، اسی طرح ایک ترک کمپنی جو انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رہی تھی انہیں پریشان کیا گیا، اور انہیں تین سال ٹیرف نہیں دیا گیا، حکومت سولر انرجی پر ستمبر میں جامع پالیسی لے کر آ رہی ہے جس سے بجلی اور انرجی سیکٹر کے مسائل کم ہوں گے،

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پچھلی حکومت میں بیرونی سرمایہ کاری اور سی پیک کو جان بوجھ کر یا کسی سازش کے تحت تاخیر کا شکار کیا گیا، اس حکومت نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا اور جلد قوم کو حقیقی تبدیلی دکھائی دے گی۔

اجلاس میں لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی، جبکہ متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی اور حکومتی سطح سے انکی بھرہور امداد کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق حسن نے کہا کہ پوری پارٹی چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں متحد ہے ہم انکا ویژن اور مشن لے کر آگے بڑھیں گے اور انکے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرینگے۔