پٹرول بجلی گیس قیمتوں میں مزید اضافہ اتحادی حکومت کی عوام دشمنی اور بے حسی کی انتہا ہے،محمد حسین محنتی


کراچی( صباح نیوز)میر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ غیروں کی غلام اور مفاد پرست قیادت نے پاکستان کو نا پاکستان بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔سودی نظام معیشت سے لیکر یوم آزادی کے مقدس دن اسلام آباد کنونشن سینٹر میں قوم کی بیٹیوں کو نچواکر تحریک پاکستان کے شہداء کے خون پر نمک پاشی اور نظریہ پاکستان کی توہین کی گئی ہے۔وزیراعظم کی جانب سے بارش و سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے فنڈ قائم کرنے کے اعلان کے باوجود کوہستان کے عوام حکومتی مدد کے منتظر ہیں۔ 50 دنوں سے مسلسل بارش اور دراوت ڈیم کے اورفلو ہونے کی وجہ سے تھانہ بولاخان تحصیل سمیت سندھ کے عوام سخت اذیت سیدوچار ہیں۔ندی نالے بہہ جانے اور راستے بند ہو جانے کی وجہ سے 20 سے زاید گوٹھوں کا شہر سے رابطہ کٹ چکا ہے۔ علاج معالجہ کے لیے بھی لوگ پریشان ہیں۔یہاں کے منتخب نمائندے بھی تاحال غائب ہیں۔ عالمی منڈی میں پٹرول قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ پہنچانے کی بجائے پٹرول بجلی گیس قیمتوں میں مزید اضافہ اتحادی حکومت کی عوام دشمنی اور بے حسی کی انتہا ہے۔جماعت اسلامی اور الخدمت حسب حال سندھ کے مصیبت زدہ عوام کی ہرممکن خدمت کا فریضہ سر انجام دیتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ بولاخان سے 25 کلومیٹر دور گوٹھ خمیسو ڈیتھو میں الخدمت کے تحت بارش متاثرین میں امدادی سامان تقسیم، ٹینٹ سٹی کا دورہ اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ جس میں راشن ٹینٹ اور ترپال سمیت دیگر ضروری سامان شامل تھا۔یاد رہے کہ دراوت ڈیم سے متاثر گوٹھوں کے لوگوں کے لیے الخدمت کے تحت خمیسو ڈیتھو گوٹھ میں الخدمت ٹینٹ سٹی قائم کیا گیا۔جس میں ڈیتھا، لاسی اور کھوسہ سمیت دیگر برادری کے لوگ شامل ہیں۔ جہاں پر ان کو ہرممکن سہولت پہنچائی جا رہی ہے۔ صوبائی امیر نے جھمپیر سٹی کے قریب گوٹھ مولدی میں بھی بارش متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

محمد حسین محنتی نے تحصیل مقام تھانہ بولاخان اور نوری آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بارش و قدرتی آفات کے موقع پر عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا حکومت کا فرض ہوتا ہے مگر یہاں حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے۔ بارش سے کھڑی فصلیں، گھروں اور املاک کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ظاہر الخدمت سمیت کوئی بھی این جی او اس کا مکمل ازالہ نہیں کرسکتی متاثرین کی امداد و بحالی کااصل کام حکومت کا ہے مگر متاثرین کے لیے آنے والا فنڈ کرپشن اور بیوروکریسی کی نظر ہو جاتا ہے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت پورے ملک کی طرح سندھ میں  اب تک گجری سانگھڑ، اسلام کوٹ تھرپارکر، کاچھو شہداکوٹ ، کوہستان تھانہ بولاخان اور جھمیر گھارو ٹھٹھہ میں بارش متاثرین کی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صوبائی امیر نے تھانہ بولاخان کے سماجی کارکن لعل بخش ہملانی کے عصرانے میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر امیر ضلع جامشورو حافظ محمد صالح بھرٹ، صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی امیر عبدالحفیظ خاصخیلی، الخدمت کے عبداالواحد اور سیف اللہ سومرو سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔