عمران خان کا پنجاب حکومت پر اپنے من پسند افسران تعینات کرنے کیلئے دباؤ


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کا پنجاب حکومت پر اپنے من پسند افسران تعینات کرنے کے لئے دباؤ۔ عمران خان کی جانب سے احمد عزیز تارڑ کو سیکرٹری ہاؤسنگ اورفیاض موہل کو ڈی جی ایل ڈی اے لگانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور چیف سیکرٹری پنجاب پر شدید دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے درمیان ٹیلی فون پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ہے ۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق احمد عزیز تارڑ ، سردار عثمان احمد خان کی وزرارت اعلیٰ کے دور میں ڈی جی ایل ڈی اے تعینات تھے اور انہوں نے اپنی آخری بڑی واردات ایل ڈی اے ماسٹر پلان کی شکل میں ڈالنے کا منصوبہ تیار کیا تاہم بزدار حکومت جانے کے بعد اس پر عمل نہ ہوسکا۔ چوہدری پرویز الہیٰ کو وارننگ دی گئی ہے کہ اگر یہ دونوں تعیناتیاں نہ ہوئیں تو پھر وہ وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہیں گے۔