مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کو حتمی مرحلے تک لے کر جائیں گے،امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کو حتمی مرحلے تک لے کر جائیں گے، حکومت نے عوام پر ظلم بند نہ کیا تو اسے گھر بھیج کر دم لیں گے۔ عام آدمی کو دوہزار کی بجلی صرف کرنے والے پر چھ ہزار کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔ حکومتی عہدیداروں، وزرا، بیوروکریسی کو مفت بجلی کی فراہمی بند کی جائے۔ عوام سرکاری بنگلوں اور محلات میں مفت استعمال ہونے والی بجلی کے عوض تاوان بھرنے کو مزید تیار نہیں ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر غریبوں کا خون نچوڑنے کی روایات بند کرے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس اور ٹی وی ٹیکس کے نام پر لوگوں کو جرمانے کیے جائیں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں یہ ظلم ہو رہا ہے۔ حکمرانوں نے 22کروڑ عوام کے لیے جینا دوبھر کر دیا۔

وہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے ہیڈکوارٹر کے سامنے مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ جماعت اسلامی کے پرامن مظاہرے کے دوران صورت حال اس وقت خراب ہو گئی جب لیسکو کے مرکزی دروازے کے اندر سے مظاہرین پر زہریلا مادہ پھینکا گیا جس سے کئی شرکا کی آنکھوں میں شدید جلن پیدا ہو گئی اور انھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی گنگارام ہسپتال منتقل کیا گیا۔

امیر العظیم نے لیسکو انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر ذمہ داروں کا تعین کرے اور انھیں پولیس کے حوالے کیا جائے ورنہ کمپنی کے دفتر کے سامنے پرامن دھرنا جاری رہے گا۔نائب امیر صوبہ پنجاب وسطی وقاص بٹ، امیر لاہور ذکراللہ مجاہد اور جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کئی مظاہرین نے بجلی کے بل بھی جلائے۔

امیر العظیم نے اعلان کیا کہ احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں گیپکو ہیڈکوارٹر گوجرانوالہ، میپکو ہیڈآفس ملتان، فیسکو ہیڈآفس فیصل آباد اور آئیسکو ہیڈآفس اسلام آباد کے باہر بھی دھرنے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی غریب کش پالیسیوں، مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا ہے جسے ان شاء اللہ ملک کے کوچے کوچے میں پھیلایا جائے گا۔ عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔ استعمار کے وفادار حکمرانوں نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، سات دہائیوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ قوم اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ بے حس حکومت بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بے جا ٹیکسز کا نفاذ آئی ایم ایف کے دباؤ کے تحت کر رہی ہے۔ ملک بحرانوں کی زد میں ہے،بیڈ گورننس، کرپشن اور سودی معیشت نے تباہی مچا دی، مگر حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی لیکن اس کے اثرات کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ نااہل حکومت عوام کو عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہونے کے باوجود مہنگا فروخت کررہی ہے۔ اگر حکمران مہنگائی کم نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باوجود بجلی نایاب ہوچکی ہے۔ سخت حبس میں بجلی کی ا علانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ 37ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے دعویدار قوم کو بتائیں کہ وہ بجلی کہاں گئی۔ انھوں نے کہا کہ قوم آزمودہ سیاسی جماعتوں کو مسترد کر کے اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔