شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی اپیل منظور، 48 گھنٹے کیلئے پولیس کے حوالے۔


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جج زیبا چوہدری نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کو مزید 48 گھنٹے کیلئے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت میں شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست کی کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے۔

ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پہلے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا جبکہ بعد میں سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو مزید 2 دن کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔