کراچی( صباح نیوز)عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے تحت تھیلسیمیا کے بچوں کے لیے بحریہ میوزیم میں جشنِ آزادی کی تقریب منعقد کی گئی،تقریب میں تھیلسیمیا کے بچوں،ان کے والدین،ڈاکٹرز اور زندگی کے مخلتف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی،جشنِ آزادی کی تقریب میں بچوں نے ملی نغمے،ترانے اور ٹیبلوز پیش کیے،اس موقع پر معروف ماہرِ امراض خون اور عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے روحِ رواں ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈاکٹر فہیم احمد،ڈاکٹر ذیشان حسین اورمعروف اینکر یحیی حسینی نے بچوں کے ہمراہ آزادی کا کیک بھی کاٹا
بعد ازاں تھیلسیمیا کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گیے۔تقریب میں عمیر ثنا فاؤنڈیشن کی فنانس سیکریٹری تحسین اختر،چیف آپریٹنگ آفیسر سید ڈاکٹر راحت حسین،اخلاق الدین صدیقی،محمد اکبر،علی انصاری،عثمان انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ عمیر ثنا فانڈیشن گزشتہ پندرہ سال سے تھیلسیمیا کے بچوں کا نہ صرف علاج معالجہ کر رہی ہے بلکہ انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے ہر تہوار اور قومی ایام میں تقریب بھی منعقد کرتی ہے
انہوں نے کہا کہ تھیلسیمیا کے بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،پاکستان میں یہ مرض جس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے وہ تشویش ناک ہے،ہم نہ صرف اس مرض کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہے ہیں بلکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلاتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔