انبیا کا مشن قرآن و سنت کی بالادستی  اور انسانوں کی غلامی سے نکالنا ہے،دردانہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی دردانہ صدیقی نے  کہا ہے کہ انبیا کا مشن اللہ کے دین کا قیام اور اسکے زریعے انسانوں کی غلامی سے نکال کر انسانیت کے زخموں پر مرحم رکھنا،نشو نما دینا اور انکے درد کا درماں ہے۔رائج الوقت طریقہ ابلاغ کے ذریعے دنیا تک قرآن کی دعوت پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ قرآن کی دعوت کو لے کر دنیا تک پہنچنے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انھوں  نے شعبہ تربیہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ آن لائن کمپیوٹر لٹریسی کورس کے پہلے گروپ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔

دردانہ صدیقی  نے کہا کہ جماعت اسلامی نے  ہمیشہ رائج الوقت طریقہ ابلاغ کو استعمال کیا ہے اور اپنے افراد کی تربیت اور صلاحیتوں کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔کمپیوٹر لٹریسی کورس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بر وقت، موثر اور بہتر استعمال ہمارے کام کو سرعت اور وسعت کے ساتھ نتیجہ خیز بنا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کو ہر اعتبار سے قوی مومن پسند ہے جسمانی مضبوطی کے ساتھ علمی استعداد  اور مضبوط صلاحیت بھی اس میں شامل ہے۔کورس کے منتظمین،مربین اور شرکا کو  کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکھنے سکھانے کا یہ عمل جاری رہنا چاہیئے ،شرکا سنجیدگی کے ساتھ اس تربیت کو حاصل کریں اور اللہ کے دین کی دعوت اور تحریکی ضروریات کے لئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ کلمے کی بنیاد پر حاصل کئے جانے والے وطن کے موجودہ حالات کو سنوارنے کے لئے ہمیں اسی بنیادی نظریے کی طرف رجوع کرنا ہوگا اور اس پیغام کو عام کرنے کے لئے ہمیں جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لانا ہوگا۔  جماعت اسلامی اپنے کارکنان کی جدید بنیادوں پر تربیت کا اہتمام کرتی رہتی ہے تا کہ اس تربیت کے ذریعے سے اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان کی منزل کو قریب لایا جا سکے۔

اس موقع پر شعبہ تربیہ کی نگراں و مربی ڈاکٹر کوثر فردوس نے مکمل ہونے والے کورس کا جائزہ پیش کیا۔  جماعت اسلامی کی  اس آن لائن نشت کی میزبانی کے فرائض طیبہ عاطف نے ادا کئے جبکہ دیگر مقررین میں رخسانہ جبیں اور شیریں فاروق شامل تھیں۔