کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کا انعام ہے، اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی خوشحالی اور سالمیت کی ضمانت ہیں۔75 ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا چاہئے کہ خون کے آخری قطرے تک تحریک پاکستان کے شہداء اورقائد اعظم رح کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اسلامی و خوشحال پاکستان کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سیکولر و غلام حکمران ٹولہ کی غلامانہ پالیسوں کی وجہ سے ملک مقروض اور مہنگائی سے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ سودی نظام معیشت، کرپشن اور آئی ایم ایف کی غلامی سے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ پون صدی گذر جانے کے باوجود ملک اپنے قیام کے مقاصد کے قریب کی بجائے دور ہوتا جارہا ہے۔ آج بھی ہماری عدالت سے لیکر پارلیمنٹ تک انگریز کا قانون اور نظام معیشت سود پر قائم ہے جو کہ اللہ سے وعدہ خلافی اور اللہ و اس کے رسول صہ سے جنگ کا اعلان ہے۔ پاکستان قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے قائم ہوا تھا۔ تحریک پاکستان کا نعرہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کا مطلب بھی یہی تھا۔ بدقسمتی سے انگریز خود چلے گئے مگر اپنے شاگر حکمران ہم پر مسلط کرگئے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی، انگریزوں کے شاگردوں سے نجات اور شہداء کے خوابوں کی تعبیر کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیونکہ اب حل جماعت اسلامی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 75ویں یوم جشن آزادی پر منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب اور پرچم کشائی کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ پاکستان قیامت قائم رہے گا اس کے خلاف سازشیں کرنے والے خود ختم ہو جائیں گے کیونکہ اسلام و نظریہ پاکستان کی بنیاد پر قائم ہونے والی مملکت خداد کو کوئی نہیں توڑ سکتا۔لاکھوں شہداء کی قربانیوں کی بدولت وجود میں آنے والے مملکت خداداد پر ایک دن کیلئے بھی اللہ کا نظام نافذ نہیں کیا گیا اور انگریز کے بنائے ہوئے قونین کو نافذ کرنے کی بدولت آج ملک معاشی،سیاسی،اور اخلاقی پستی کا شکار جبکہ قوم مہنگائی،بیروزگاری، غربت افلاس کی سونامی میں غرق کردیا گیا ہے،آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے اربوںڈالرز قرض لیکر بیرون ملک اپنے محلات اور بینک بیلنس بنانے والے سیاستدان عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، منی بجٹ کے ذریعے ایک بار پھر عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاری ہورہی ہے اب ظلم کی تمام حدیں پار کردی گئیں ہیں اسلئے عوام کو چاہئے کہ آج اس بات کاتجدید عہد کریں کہ پاکستان کو ایک اسلامی،فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کیلئے کرپٹ،نااہل اور نالائق حکمرانوں سے نجات دلاکر دیانتدار،باصلاحیت اور کرپشن سے پاک قیادت کو منتخب کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کی بھلائی اور ملک کی ترقی ممکن ہوسکے۔