بلوچستان، ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، 2جوان شہید،میجرزخمی


راولپنڈی(صباح نیوز)بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے میں پاک فوج کے دو جوان شہید اور میجر زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 13اور 14اگست کی درمیانی شب ہرنائی کے علاقے خوست میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا، فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب قریبی پہاڑوں میں کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جھڑپ کے دوران نائیک عاطف اور سپاہی قیوم شہید ہو گئے جبکہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر عمر زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ 75ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز، قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کوششوں کو ناکام بنانے میں پرعزم ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر 1958 میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر تقریب  کا انعقاد کیا گیا، جنرل آفیسر کمانڈنگ 35 ڈویژن میجر جنرل منیر الدین  نے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر 1958 میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر تقریب منعقد ہوئی،

میجر طفیل محمد شہید کے آبائی علاقے طفیل آباد تحصیل عارف والا، میں منعقدہ تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 35 ڈویژن میجر جنرل منیر الدین نے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و عسکری حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔