چین ،روس کے تعلقات اعلی سطح پر فروغ پا رہے ہیں،لی زان شو


بیجنگ (صباح نیوز)چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کے صدر لی زان شو نے بیجنگ میں منعقدہ چین۔روس پارلیمانی تعاون کمیٹی  کے ساتویں  اجلاس کی ورچوئل  افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال چین۔روس خوشگوار ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے کی20 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔چینی صدر شی جن پنگ اورروسی صدر دلادیمر پوتن کی اسٹریٹجک رہنمائی میں چین اور روس کے تعلقات اعلی سطح پر فروغ پا رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کیا ہے۔لی زان شو نے کہا کہ چین کا ماننا ہے کہ جمہوریت کسی ملک کا پیٹنٹ نہیں ہے بلکہ تمام بنی نوع انسان کی مشترکہ قدر ہے۔

جمہوریت کوئی آرائش کی چیز نہیں ہے۔جمہوریت کے حصول کے لیے بہت سارے ماڈل موجود ہیں۔ دنیا کے متنوع سیاسی نظام کی پیمائش کے لیے ایک ہی معیار  کا استعمال ، بذات خود غیر جمہوری ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی اور روسی قانون ساز اداروں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیاسی اعتماد کو بڑھانے، عملی تعاون کو فروغ دینے اور عوام کے درمیان دوستی  کو نسل درنسل پہنچانے کے لیے منفرد کردار ادا کیا ہے۔

نئی صورتحال میں چینی اور روسی قانون ساز اداروں  کو تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں زیادہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔