شہباز گل کو گرفتار نہیں، اغوا کیا گیا، عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ کیا ایسی شرمناک حرکتیں کسی جمہوریت میں ہو سکتی ہیں؟ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا گیا اور سب ہمیں امپورٹڈ حکومت کو قبول کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ حضرت امام حسین نے ایک ظالم کی فوج جو تعداد میں ان سے کہیں بڑھ کرتھی، کا سامنا کرتے ہوئے باطل(جھوٹ) کیخلاف حق و سچ پر ڈٹ جانے کی پاداش میں کربلا میں اپنے اہلِ بیت اور ساتھیوں سمیت جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ظلم اور جھوٹ کیخلاف حق و انصاف کی سربلندی کیلئے سرگرداں تمام افراد کیلئے یہ عظیم ترین قربانی ایک متاثر کن مثال مینار نور ہے۔