انٹر بینک میں ڈالراچانک 10 روپے گر گیا، 228 میں فروخت


کراچی(صباح نیوز)انٹر بینک میں ڈالر ایک ساتھ 10 روپے کم ہوکر 228روپے میں فروخت ہوا۔

ٹریڈنگ کے آغاز میں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 86 پیسے نیچے آئی اورڈالر کی 237 روپے 52 پیسے پر فروخت دیکھی گئی۔ تاہم دوپہر ایک بجے کے قریب ڈالر کی قیمت میں ایک ساتھ 10روپے کی کمی دیکھی گئی اور ڈالر 228روپے میں فروخت ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر237 روپے میں ٹریڈ کی گئی۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر تیزی سے نیچے آسکتا ہے۔واضح رہے کہ منگل کو دن کے اختتام پر انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے 38 پیسے پر آگئی تھی۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 240 روپے رہی تھی۔پیر کو انٹر بینک میں ڈالر 238روپے 50پیسے پر بند ہواتھا۔ پیر کو مجموعی طور پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر 87پیسے سستا ہواتھا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 240 روپے پر آگیا تھا۔

اس سے قبل ہفتے کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 243روپے اور جمعہ کو 247روپے پر تھا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک بوستان نے خبردار کیا تھا کہ ڈالرروک کر بیٹھنے والوں کو آنے والے دنوں میں نقصان ہوگا۔ ملک بوستان نے عوام کو ڈالر نہ خریدنے کا مشورہ دے دیا۔

جولائی میں روپے کی قدر میں 25 فیصد اور 42 روپے کی تاریخی کمی ہوئی تھی۔ 2دن میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8روپے اور انٹر بینک میں 1روپے 43پیسے سستا ہوا ہے۔جولائی کے دوران انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی غیر معمولی اڑان رہی یہاں تک کہ ایک ایک دن میں ڈالر کی قدر میں 5اور 6روپے کا بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ اس دوران بلیک مارکیٹنگ، عدم دستیابی اور سٹہ بازی کی شکایات بھی ملتی رہیں۔