ججز تعیناتی سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ میں پیش،چیئرمین نے کمیٹی کے سپرد کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ججز کی تعیناتی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کمیٹی کے سپرد کر دیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس میں پیپلزپارٹی نے آئین کے آرٹیکل 175میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تعداد9 ہے، اٹارنی جنرل ،ایک بار کونسل کا نامزد کردہ فرد، ایک وزیر قانون ہوتا ہے اس میں ججز کی تعداد زیادہ ہے 6 اور3سے فیصلہ ہورہا ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں 4 اور3کا تناسب ہو تاکہ معاملہ بیلنس ہوجائے ہم ہائی کورٹ کے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار میں ترمیم لا رہے ہیں ہائی کورٹ کے ججز کی تعینانی کیلئے ایک کمیٹی ہونی چاہیے ابتدائی طور پر کمیٹی جو ججزکونامزدکرے پھر ہائی کورٹ کا جج تعینات ہو۔

چیئرمین سینیٹ بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  کمیٹی 15 دن میں رپورٹ دے اور منظوری والے دن اراکین ایوان میں آئیں۔ ایوان میں پیش کیا گیا فارمیسی ترمیمی بل 2022 بھی متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔