تحریک انصاف نے استعفوں کی مرحلہ وارمنظوری عدالت میں چیلنج کردی


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کی مرحلہ وارمنظوری کا اقدام عدالت میں چیلنج کردیا۔

 پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر آج اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے جہاں انہوں نے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا۔

اس موقع پر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 بندوں کے جو استعفے منظور کرنے کا تماشا لگایا ہے ہم اس کے خلاف عدالت آئے ہیں،11 اپریل کو اسمبلی کے فلور پر ہمارے 125 لوگوں نے کہا کہ ہم نے استعفے دے د یئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مرضی کے 11 استعفے منظورکئے، پی ٹی آئی اس سازش کا حصہ بننے کو تیار نہیں تھی اس لیے استعفے دیئے، اب الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرقانونی کام کیا گیا،مرضی کے استعفے منظور کرنا غیرقانونی عمل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب سیاسی فریق بن چکا ہے اور ادارہ پی ڈی ایم کا حصہ بن گیا ہم اس کے خلاف ریفرنس دائرکرنے جارہے ہیں،

قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا میں اس کا سمبل ظاہر کریں، جلد فیصلہ آئے گا، یہ قوم نئے مینڈیٹ کی طرف جانا چاہتی ہے، قوم فیصلہ کریں کہ قوم کا لیڈر کون ہوگا۔