پاک امریکا تجارتی حجم بڑھ کر 12ارب ڈالر ہو گیا ہے،مسعود خان


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ امریکا میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور  برآمدات کا حجم 9ارب ڈالر ہو گیا ہے، جبکہ پاک امریکا تجارتی حجم بڑھ کر 12ارب ڈالر ہو گیا ہے، برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ 3سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ یہ بات انھوں نے ایک بیان میں کہی۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں سالانہ 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 7 ارب ڈالر تھیں جو بڑھ کر 9ارب ڈالر ہو گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 9 ارب ڈالر کی پاکستانی برآمدات میں اشیا کی تجارت 6.8 ارب ڈالر رہیں جبکہ سروسز بشمول آئی ٹی کی برآمدات  2.2ارب ڈالر رہیں۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ 22-2021میں امریکا سے درآمدات 3 ارب رہیں جو گزشتہ سال 2.4 ارب ڈالر تھیں، اس طرح پاکستان اور امریکا کے درمیان کل تجارتی حجم بڑھ کر 12 ارب ڈالر ہو گیا ہے جو گزشتہ سال  تقریبا ساڑھے 9 ارب ڈالر تھا۔

مسعود خان نے بتایا کہ برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گزشتہ ایک سال میں پاکستان کے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس نے 800 ملین ڈالر کمائے، ان میں سے 60 فیصد کو امریکی وینچر کیپیٹل کمپنیوں کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی۔