حکومت کا خسارے میں جانے والی بجلی کی 10 تقسیم کار کمپنیاں کی نجکاری کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) اتحادی حکومت آئی ایم ایف کے ایما پر سب بیچ دے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2020-21 میں پیسکو اور آئیسکو کے 394 ارب روپے کے مجموعی نقصانات رہے، نجکاری سے قبل صوبوں کو بھی آن بورڈ لینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع نجکاری کمیشن کے مطابق صوبوں کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے انتظامی امور چلانے کی پیش کش کی گئی ہے۔ صوبہ سندھ کے علاوہ کسی صوبے نے تقسیم کار کمپنیوں کے انتظامی امور چلانے کی حامی نہیں بھری ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انتظامی امور خریدار کے سپرد کرنے سے نقصانات میں کمی آئے گی، نجکاری کے عمل میں رعایتی کنٹریکٹ کی منظوری دی جاچکی ہے۔